ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ
بہاول پور:15/مئی : ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز زبیر عباسی، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر مارکیٹنگ منزہ جاوید، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرچوہدری ذوالفقار احمد،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی بہاول پور مہر ملازم حسین، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عروج فاطمہ، ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ نرخ کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جائے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک انداز میں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ علی الصبح فروٹ اینڈ ویجٹیبل مارکیٹس میں جا کر پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کے امور کی مانیٹرنگ کی جائے اور نرخنامے دکانوں، ریڑھیوں اور کاروباری مراکز میں بروقت آویزاں کئے جائیں تاکہ صارفین کو خریداری کے وقت دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مقرر کئے گئے نرخ سے زائد پر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں یکم مئی سے 14مئی کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اس دوران 10530دکانوں، ریڑھیوں اور دیگر کاروباری مراکز میں جا کر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے خوردونوش کے نرخ اور کوالٹی کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 819000روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 4دکانداروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز درج کرائی گئیں، 96افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 14دکانیں سربمہر کی گئیں۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اشیائے خوردونوش کی سپلائی چین مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کئے جائیں۔ ڈیمانڈ اور سپلائی کے توازن کو برقرار رکھتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کی موثر انداز میں نگرانی کی جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عروج فاطمہ، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ منزہ جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز زبیر عباسی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔