اسلامیہ یونیورسٹی اور ترکیہ کی جامعات کے مابین مولانا ایکسچینج پروگرام بحال ہو گیا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اوربرادر اسلامی ملک ترکیہ کی جامعات کے مابین مولانا ایکسچینج پروگرام بحال ہو گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سیلکوک یونیورسٹی کونیا اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے مابین تدریس و تحقیق میں باہمی تعاون و اشتراک پر طے پانے والے معاہدے پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے دستخط کر دیئے۔ سیلکوک یونیورسٹی کونیا کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر متین اکسوئے کے دستخط کے بعد یہ معاہدہ نافذ العمل ہو جائے گا۔ اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات کے اساتذہ لیکچر سیریز کے لیے باہمی دورے کر سکیں گے جبکہ طلباء وطالبات بھی ایک دوسرے کے ہاں جا کر تدریسی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ معاہدے کی رو سے محققین اپنی تدریسی سرگرمیاں دونوں جامعات میں سرانجام دے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں کانفرنسز اور ورکشاپس میں شرکت کے ساتھ ساتھ تحقیقی وتدریسی مواد کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔ دونوں جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبوں کیلیے بھی پیش رفت کریں گی۔ جن مضامین میں اساتذہ اور طلباء و طالبات باہمی تبادلہ پروگرام سے مستفید ہو سکتے ہیں ان میں فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،سوائل سائنس، پلانٹ نیوٹریشن، کیمسٹری، بائیو کیمسٹری، ٹیکنالوجی، اکنامکس، بزنس اینڈ مینجمنٹ سٹڈیز، ہسٹری، فارمیسی، فارسی زبان اور ادب، انٹرنیشنل ریلیشنزاورایگریکلچرشامل ہیں۔ اس پروگرام کے تحت 8 ماہ اور 3 ماہ کے باہمی ایکسچینج پروگرام میں 390طلباء وطالبات اور 130اساتذہ مستفید ہوں گے۔