گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی آفادیت اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار
بہاول پور:18/ اپریل : گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی آفادیت اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں تعمیروترقی کا سفر مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ خطے کے تمام کالجز میں انڈوومنٹ فنڈ کی طرز پر فنڈ قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے اور پرائیویٹ سکولوں میں قرآن مجید کی لازمی تعلیم کے قانون پر عمل کرایا جائے۔یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاول پور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اجلاس میں موجود تھے۔گورنر پنجاب نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سے تمام ہسپتالوں میں ڈائلیسز مشینوں کے فعال ہونے بارے دو یوم کے اندر رپورٹ طلب کرلی ہے۔انہوں نے سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب کو نہروں میں ٹیل تک پانی پہنچانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔گورنر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں سٹاف کو شہریوں کے ساتھ بہتر انداز سے پیش آنیکی ہدایات جاری کی جائیں۔انہوں نے بہاول پور انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لئے زمین کے حصول کے لئے بورڈ آف ریونیو کو کیس ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی۔گورنر پنجاب نے موٹروے جھانگڑہ لنک روڈ 30 جون تک مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ لنک روڈ کے لئے فنڈز کی کمی کی صورت میں وہ پنجاب حکومت سے خود بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور شہر میں سیوریج لائنز کے بلاکیج کے ایشوز کا سدباب کیا جائے۔گورنر پنجاب نے بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی بہترین کارکردگی پر انتظامیہ کو خراج تحسین کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے خطے کی تعمیروترقی کے عمل میں تیزی آئی ہے اور مختلف شعبوں میں قابل فخرمنفرد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مزید مالی خودمختیاری ملنے کی توقع ہے جس سے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز ماتحت اداروں کو بجٹ جاری کرسکیں گے اور مانیٹرنگ کا سسٹم مزید موثر ہوجائے گا۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے اس بارے پیپر ورک مکمل کر لیاہے۔