سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن حکومت نے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہیں کیے
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کا حکم نظرانداز کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہیں کیے
سپریم کورٹ کی الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہمی کی مہلت ختم ہوگئی، واضح حکم کے باوجود وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کیلئے 21 ارب جاری نہ کرسکی، الیکشن کمیشن آج سپریم کورٹ میں فنڈز کی عدم فراہمی کی رپورٹ جمع کرائے گی۔
وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں عام انتخابات کیلئے فنڈز دینے کے بجائے انتخابی اخراجات کا بل پارلیمنٹ میں پیش کر دیا، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے واضح حکم کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر من وعن عمل کیا جائے گا، الیکشن کمیشن انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے، پنجاب میں عام انتخابات کیلئے نئے کاغذات نامزدگی نہیں وصول کئے جائیں گے، پرانے شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی پر ہی اعتراض عائد کیا جا سکے گا۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پنجاب میں پولنگ 14 مئی کو ہو گی، کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل ہو گی، الیکشن ٹریبونل 17 اپریل تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گا۔
امیدواروں کی نئی لسٹ شائع کرنے کی آخری تاریخ 18، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19 اپریل ہو گی، امیدواروں کو انتخابی نشانات 20 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے