اسلامیہ یونیورسٹی نے برٹش کونسل کا پاک یوکے ایجوکیشن گیٹ وے موبیلٹی پارٹنرشپ فار فیکلٹی کا پراجیکٹ جیت لیا
یہ اعزاز اسلامیہ یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور بین الاقوامی درجے کی تدریس و تحقیق کا مظہر ہے ۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب
انسٹی ٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے برٹش کونسل کا پاک یوکے ایجوکیشن گیٹ وے موبیلٹی پارٹنرشپ فار فیکلٹی کا پراجیکٹ جیت لیا۔وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا ہے کہ یہ اعزاز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور بین الاقوامی درجے کی تدریس و تحقیق کا مظہر ہے۔ اس شراکت داری میں برطانیہ اور پاکستانی یونیورسٹیاں اعلیٰ تعلیمی روابط کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گی۔ پاکستان اور برطانیہ کی نمائندہ یونیورسٹیاں مختلف موضوعاتی شعبوں پر ایک مضبوط قلیل مدتی ایکسچینج پروگرام تیار کریں گی۔پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار ڈین نے کہا کہ ڈاکٹر کنیز رابعہ انسٹی ٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور پروفیسر ایلن جے ڈریو کوئین میری یونیورسٹی آف لندن کی توانائی (جنریشن، ڈسٹری بیوشن، اور کنزرویشن) کے موضوع پر اس پراجیکٹ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس پراجیکٹ کی پاکستانی ٹیم 11 فیکلٹی ممبران پر مشتمل ہے،جن میں 9 انسٹی ٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، ایک کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد سے اور ایک گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپورشامل ہیں۔ اس پراجیکٹ میں برطانیہ کی ٹیم 8 ممبران پر مشتمل ہے۔کوئین میری یونیورسٹی آف لندن کے فیکلٹی ممبران اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا دورہ کریں گے۔اس پروگرام کے ذریعے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورفیکلٹی کے عملے کی اعلی درجے کی خصوصیات اور تجزیہ تکنیکوں میں استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ توانائی اور بیٹریوں کی تحقیق کے شعبے میں متعدد دیگر اہم کھلاڑیوں کے ساتھ ایک ملاقات کا اہتمام برطانیہ کی ٹیم کرے گی۔ کنٹری اور فیراڈے انسٹی ٹیوشن میں ”بیٹریز انوویشن سنٹر” (نمائندہ یونیورسٹیاں جیسے کیمبرج، آکسفورڈ، امپیریل، یو سی ایل، شیفیلڈ، وغیرہ) کی مثالیں ہیں۔ ٹیم کے مختلف اراکین لندن کی کوئین میری یونیورسٹی اور برطانیہ کی دیگر یونیورسٹیوں کے وسیع فیکلٹی کے درمیان مستقبل میں تعاون کے اپنے شعبوں کی نشاندہی کریں گے۔ توانائی کے میدان میں پاکستان-برطانیہ کے بین الاقوامی تعاون پر مشتمل مستقبل کی ممکنہ فنڈنگ اسکیموں کے بارے میں تفصیل بھی اس دورے کا ایجنڈا ہو گی۔ انسٹی ٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے ایک سائنسی ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے گا۔ تحقیقی طلباء اور شعبہ فزکس اور کیمسٹری کے فیکلٹی کو برطانیہ کے وفد کے ساتھ ایک دوسرے سے رابطے کا موقع ملے گا۔انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور نے پراجیکٹ ٹیم کو مبارکباد دی اور پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھ میٹیکل سائنسز اور پراجیکٹ کی سربراہ ڈاکٹر کنیز رابعہ کی کوششوں کو سراہا۔