جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ثمرات سامنے آنے لگ گئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر
جنوبی پنجاب کے محکموں کواب تک 126 ارب روپے جاری کئے گئے جن میں سے منصوبوں پر101ارب روپے خرچ کردئے گئے- کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی زیر صدارت اجلاس تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی
بہاول پور:یکم/مارچ : جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ثمرات سامنے آنے لگ گئے ہیں۔ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی موثر مانیٹرنگ سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں برق رفتاری آگئی ہے۔ رواں مالی سال میں جنوبی پنجاب کے محکموں کواب تک 126 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں جن میں سے منصوبوں پر101ارب روپے خرچ کردئے گئے ہیں۔اس طرح جاری کردہ فنڈز کے خرچ کی شرح 80 فیصد ہے۔ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام محکموں کے مابین مربوط رابطہ کار قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جس محکمے کے فنڈز لیپس ہونگے اسے جوابدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاری کردہ فنڈز کا سو فیصد استعمال ہمارا ہدف ہے اور منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل ہماری کامیابی ہے۔کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کے کردار قابل ستائش ہے قرار دیا اور کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں منصوبوں پر کام کی رفتار اور معیار کے لئے ہر سکیم کو چیک کیا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 2468 منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے لئے بجٹ میں 254 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں 11 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جبکہ خطے میں 9 نئے میگا پراجیکٹس پر کام شروع کردیا گیا ہے۔کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ نشتر ٹو کی تعمیر پر جاری کردہ تمام 3 ارب40 کروڑ روپے خرچ کردئے گئے ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لئے جاری کردہ سو فیصد فنڈز صرف ہوگئے ہیں۔اسی طرح شیخ زیدمیڈیکل کالج رحیم یار خان کے منصوبے پر جاری کردہ 60 کروڑروپے اور اوچ شریف سے احمد پور شرقیہ جانیوالی شاہراہ پر1ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 8 نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں واٹرسپلائی کی سکیموں اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منصوبوں کے لئے جاری کردہ سو فیصد فنڈز خرچ کر دئیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ کے منصوبوں پر فنڈز کے خرچ کی شرح 95 فیصد،اربن ڈویلپمنٹ 86 فیصد، روڈ91 فیصد، اریگیشن 90 فیصد اور ہائر ایجوکیشن کے منصوبوں پر فنڈز خرچ کرنے کی شرح84 فیصد ہے۔