وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بہاول پور کے 916 سینیٹری ورکرز کو 10,000 روپے فی کس اعزازیہ اور تعریفی خط دیا گیا

سینیٹری ورکرز ہمارے اصل ہیروز ہیں جنہوں نے مثالی خدمات انجام دیں۔کمشنربہاول پورڈویژن مسرت جبیں
بہاول پور:21/جون: وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 916 سینیٹری ورکرز کو اُن کی عید الاضحی کے دنوں میں انتھک خدمات کے اعتراف کے طور پر 10,000 روپے فی کس اعزازیہ اور تعریفی خط پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب، چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد نعیم اختر، افسران، سینیٹری انسپکٹرز، سینیٹری سٹاف، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ سینیٹری ورکرز ہمارے اصل صفائی ہیروز ہیں جنہوں نے شدید گرمی اور قربانی کے ایّام میں مثالی خدمات انجام دیں۔انہوں نے تقریب میں موجود سینٹری ورکرز کو مہمانان خصوصی قراد دیتے ہوئے کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں عیدالاضحی کے دوران صفائی ستھرائی کے انتظامات مثالی تھے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے فرنٹ لائن صفائی ہیروز کی خدمات کو سراہا اورعزت و اکرام سے نوازا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے سینیٹری سٹاف میں اعزازیے کے پے آرڈرز تقسیم کیے اور ان کی خدمات پر انہیں شاباش دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن کے 8700سے زائد سینیٹری ورکرز کو اعزازی پے آرڈرز دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سینیٹری ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ورکر کے لیے پے آرڈرکے ساتھ تعریفی خط بھی ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے عید کے دوران ورکرز کی خدمات پر انہیں سپاس پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سینیٹری ورکرز کی حوصلہ افزائی ایک مثبت اور قابل تقلید قدم ہے