حاصل پور :02/ اپریل : حاصل پور انتظامیہ کی موثر کاروائی کے نتیجہ میں رمضان پیکج کے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کئے گئے آٹا کے 86 تھیلے برآمد کر کے واقعہ میں ملوث ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر حاصل پور کو اطلاع ملی کہ رمضان پیکج کے تحت مفت آٹا کے تھیلے ملزم محمد علی کے گھر ذخیرہ کیے گئے ہیں۔اس واقعہ کی اطلاع پر نائب تحصیلدار ملک ارشاد نے ایس ایچ او سٹی کے ہمراہ محمد علی ولد خوشی محمد کے گھر واقع ریلوے پھاٹک شرقی سٹی پر چھاپہ مار کر آٹا کے 86 تھیلے برآمد کر لئے جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔اس واقعہ کی ملزم کے خلاف تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی گئی اور ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹی چھاپے مار رہی ہے۔ڈپٹی کمشنربہاول پور ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ رمضان پیکج کے آٹا کے مستحقین کے حق کو کسی کو غصب کرنے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سبسڈی کے غلط استعمال یا فراڈ کے ذریعہ مفت آٹا کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مفت آٹا اہل افراد کا حق ہے۔اہل افراد کی حق تلفی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ملزم کی گرفتاری کے بعد اس واقعہ کی مکمل انکوائری اور تحقیقات کی جائیں گی۔