Contact Us

اسسٹنٹ کمشنر نے محراب والا میں سات کروڑ مالیت کی 80کنال سرکاری اراضی واگذار کرالی

80-kanal-government-land

قبضہ مافیا نے غیر قانونی پولٹری شیڈ قائم کررکھا تھا

اسسٹنٹ کمشنر ملک ظہور احمد اعوان حکومت پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد کیلئے اِن ایکشن

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملک ظہور احمد اعوان نے چوک منیر شہید، چوک عباسیہ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کے نزدیک تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے چوک منیر شہید پر دو سال سے بلا لائسنس کاروبار کرنے والے فاروق میڈیکل سٹور کو بھی سیل کردیا۔

ملک ظہور احمد اعوان نے پہلے مرحلے میں شمس کالونی، شادمان کالونی، وائی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن اور اسلم چوک کو سیوریج کے گندے پانی سے کلیئر کرادیا۔ اسسٹنٹ کمشنر علی الصبح عملہ صفائی کی حاضری چیک کرتے ہیں اور سبزی منڈی میں پھلو ں اور سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیتے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں تحصیل احمدپورشرقیہ کے پانچ تا 12سال عمر کے دو لاکھ تیس ہزار بچوں کو 9ستمبر تا 24ستمبر کورونا سے حفاظت کیلئے ویکسنیشن کی جائے گی۔ محکمہ صحت نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ نوائے احمدپورشرقیہ کی خصوصی رپورٹ

احمدپورشرقیہ (سٹاف رپورٹر)مقامی انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر ملک ظہور احمد اعوان ایڈمنسٹریٹر بلدیہ احمدپورشرقیہ کی سرکردگی میں شہریوں کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور سرکاری محکمہ جات کی سروسز کے معیار کو عوامی اُمنگوں کے مطابق بہتر بنانے کیلئے مربوط عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور زاہد پرویز وڑائچ کی ہدایات کی روشنی میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ احمدپورشرقیہ ملک ظہور احمد اعوان نے شہر احمدپورشرقیہ میں سیوریج کے سلگتے ہوئے دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے اپنی نگرانی میں جامع اقدامات کئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں شمس کالونی، شادمانی کالونی، سیٹلائٹ ٹاؤن، وائی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن اور اسلم چوک کو سیوریج کے گندے پانی سے کلیئر کردیا گیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ نے بہاولپور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو ملازمین کی تنخواہات کی ادائیگی اور مشینری کی چلت کیلئے ساڑھے چوراسی لاکھ روپے مالیت کے دو چیک جاری کردئیے ہیں۔ جسکے نتیجہ میں عملہ صفائی نے اپنی ہڑتال ختم کردی۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملک ظہور احمد اعوان از خود علی الصبح شہر کے مختلف مقامات پر عملہ صفائی کی حاضری اور صفائی کے عمل کا از خود معائنہ کرتے ہیں اور سبزی منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ لیتے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ نے چوک منیر شہید، چوک عباسیہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر سول ہسپتال کے نزدیک تجاوزات کا خاتمہ کردیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ملک ظہور احمد اعوان نے قبضہ مافیا کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کیا ہے۔ اگلے روز اُنہوں نے محراب والا میں سات کروڑ رو پے مالیت کی 80اسی کنال سرکاری اراضی واگذار کرائی جہاں قبضہ مافیا نے غیر قانونی پولٹری شیڈ قائم کررکھا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے عطائیوں کے خلاف بھی مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے چوک منیر شہید پر بلا لائسنس کاروبار کرنے والی فاروق فارمیسی کو سربمہر کردیا اور عطائیوں کو وارننگ دی ہے کہ کسی سے بھی کسی قسم کی رُو رعایت نہیں برتی جائے گی۔ مزید برآں صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں 19ستمبر تا 24ستمبر 2022؁ء تک تحصیل احمدپورشرقیہ کے پانچ سال تا بارہ سال تک کی عمر کے دولاکھ 30ہزار بچوں کو کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسنیشن کی جائے گی اس سلسلے میں محکمہ صحت کی جانب سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں