پنجاب کی نگران کابینہ کے 8 ارکان نے حلف اٹھالیا
لاہور : پنجاب کے نامزد 11 نگران وزرا میں سے 8 نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگران وزرا سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والوں میں ایس ایم تنویر، ڈاکٹرجاوید اکرم، ابراہیم مراد، بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصر، منصور قادر، سید اظفر علی ناصر اور عامر میر شامل ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں نگران صوبائی وزراء کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی، سید محسن رضا نقوی نے حلف اٹھانے والے نگران صوبائی وزراء کو مبارکباد دی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کا نگران سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانبدار ہے، شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد نگران سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم یہ قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائیں گے، انتخابات کا پُرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔