چیف منسٹر اسکلڈ پنجاب انیشی ایٹو“ ”میری ڈیجیٹل دنیا“ پروگرام کے تحت دیہی خواتین میں کمپیوٹرز کی تقسیم

حکومت پنجاب کا منصوبہ ایک سوچ کی تبدیلی کی علامت ہے , 72 تعلیم یافتہ دیہی خواتین میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی تقسیم کے موقع پر صوبائی وزیر شیر علی گورچانی کا خطاب
بہاول پور:29/مئی :صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شیر علی گورچانی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور”چیف منسٹر اسکلڈ پنجاب انیشی ایٹو“ اسی وژن کی عملی تعبیر ہے۔ مقامی ہال میں ”میری ڈیجیٹل دنیا“ پروگرام کے تحت تعلیم یافتہ دیہی خواتین میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی تقسیم کے موقع پر بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا منصوبہ صرف کمپیوٹرز کی تقسیم نہیں بلکہ ایک سوچ کی تبدیلی کی علامت ہے۔ہم اپنے نوجوانوں کو خیرات نہیں، ہنر دے رہے ہیں، تاکہ وہ دوسروں کے محتاج نہ ہوں بلکہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر دوسروں کے لیے مثال بنیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ڈیجیٹل مہارت روزگار کی کنجی ہے اور حکومت پنجاب چاہتی ہے کہ ہر نوجوان اس کنجی کا مالک بنے۔تقریب کا انعقاد پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF) اور محکمہ اسکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ کی جانب سے کیا گیا تھا، جس میں چیئرمین وزیراعلی پنجاب ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ، ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق،پراجیکٹ ڈائریکٹر مرزا اکبر حسین کے علاوہ پی ایس ڈی ایف کی ٹیم شریک تھی۔ تقریب میں مجموعی طور پر 72 خواتین کو جدید ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز دیے گئے تاکہ وہ آن لائن فری لانسنگ، آئی ٹی، اور دیگر ڈیجیٹل ہنر سیکھ کر اپنے معاشی مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔
صوبائی وزیر شیر علی گورچانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یہ پروگرام صوبہ بھر میں مرحلہ وار جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ”میری ڈیجیٹل دنیا“جیسا منصوبہ نہ صرف نوجوانوں کی زندگی بدل رہا ہے بلکہ پنجاب کو ایک ترقی یافتہ اور باہنر معاشرہ بنانے کی سمت میں اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑھی لکھی دیہی خواتین کو ڈیجیٹل مارکیٹ کا راستہ دکھا کر ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ ہماری بیٹیاں اور بہنیں ٹیکنالوجی کے میدان میں کسی سے پیچھے نہ رہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے ہر لڑکی کو تعلیم اور ہنر کے مواقع میسر آئیں گے تاکہ وہ نہ صرف خود کفیل بن سکے اور ملک کی معیشت میں بھی فعال کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ کمپیوٹرزخواتین کے لیے ایک نئی زندگی، ایک نئی پہچان، اور ایک نیا روشن مستقبل ثابت ہوں گے۔