صادق پبلک سکول بہاول پور نواب سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت، لگن اورعزمِ صمیم کا عکاس ہے: گورنر پنجاب

69th Foundation Day of Sadiq Public School Bahawalpur

میاں محمد بلیغ الرحمٰن کا صادق پبلک سکول بہاول پور کے 69ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب

تقریب تقسیم انعامات میں 150 سے زائد طلبا و طالبات میں انعامات، شیلڈز اور گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے

بہاول پور:19/فروری: گورنر پنجاب و چیئرمین بورڈ آف گورنرز صادق پبلک سکول بہاول پور میاں محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ صادق پبلک سکول بہاول پور نواب آف بہاول پور سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت، لگن اورعزمِ صمیم کا عکاس ہے۔نواب آف بہاول پور سرصادق محمد خان عباسی خامس عظیم انسان دوست اور علم دوست شخصیت کے حامل تھے۔انہوں نے عظیم تعلیمی مقاصد کے حصول کے لئے صادق پبلک سکول جیسی بے مثال درسگاہ کے قیام کے لیے دامے، دِرمے، قدمے، سخنے اپناتعاون پیش کیا۔وہ آج یہاں صادق پبلک سکول بہاول پور کے 69ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاشبہ صادق پبلک سکول بہاول پور شاندارتعلیمی روایات اور تابناک تدریسی ماضی کا امین ہے۔ اس ادارے سے ایسی نامور شخصیات فارغ التحصیل ہوئیں کہ جنہوں نے ہر شعبہ ہائے زندگی نمایاں مقام حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ صادق پبلک سکول کے اہم تاریخی و تعلیمی کردار کی بدولت ہی اس عظیم درسگاہ سے اعلیٰ تعلیمی معیار کے حامل افراد پیدا ہوئے کہ جنہوں نے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ صادق پبلک سکول مستقبل میں بھی اپنے اخلاقی، ذہنی اور جسمانی تربیت کے اعلیٰ معیار کو یونہی برقرار رکھے گا جو اس ادارے کی شناخت اور تکریم کا باعث ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میرا صادقین ہونے کے ناطے صادق پبلک سکول سے دیرینہ تعلق ہے اور بطور چیئرمین بورڈ آف گورنرز مجھ پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ میں اس ادارے کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں۔انہوں نے مزید کہا کہ ”صادق“ نے ہی مجھے اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردارادا کیاہے۔ گورنر پنجاب نے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پربھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے آج کی پریڈاور اس عظیم درسگاہ کے ہیڈ بوائے اور ہیڈ گرل کی تقاریرانتہائی متاثر کن ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کرام، طلبہ،تدریسی سٹاف اور والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ صادق پبلک سکول اور اس جیسے ملک بھر کے دیگر عظیم تدریسی ادارے مستقبل میں بھی تمام شعبہ ہائے زندگی میں اعلیٰ معیار کے قائدین پیدا کرنے کا اہم گہوارہ رہیں گے۔قبل ازیں سکول کے ہیڈ بوائے صارم صدیقی اور ہیڈ گرل سجل فاطمہ نے اپنی تقاریر میں صادق پبلک سکول میں قیام کے دوران اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور سکول میں گزرے لمحات کو بیان کیا۔ایکٹنگ پرنسپل پروفیسر میاں محمد احمد نے اپنے سپاسنامے میں صادق پبلک سکول کی نصابی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہٰذا کے فارغ التحصیل طلباوطالبات اندرون اور بیرون ملک زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔تقریب تقسیم انعامات میں 150 سے زائد طلبا و طالبات میں انعامات، شیلڈز اور گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے۔ دریں اثناء ایکٹنگ پرنسپل پروفیسر میاں محمد احمد نے گورنر پنجاب میاں محمد بلیغ الرحمن کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔بعد ازاں گورنر پنجاب نے طلباوطالبات کی طرف سے تیار کردہ مختلف سائنسی پراجیکٹس کی نمائش کا افتتاح کیا اور طلباوطالبات کی اس اہم کارکردگی کو سراہا۔تقریب میں کنوینئرمینجمنٹ کمیٹی صادق پبلک سکول ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی،کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور،ممبران بورڈ آف گورنرز، ملک بھر سے آئے ہوئے طلبا و طالبات کے والدین، مختلف محکمہ جات کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔شرکائے تقریب نے تقریب کو گہری دلچسپی سے دیکھا اور طلبا و طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔

69th Foundation Day of Sadiq Public School Bahawalpur
69th Foundation Day of Sadiq Public School Bahawalpur
69th Foundation Day of Sadiq Public School Bahawalpur

مزید پڑھیں