ملک میں 59 لاکھ افراد بیروزگار، بیروزگاری کی شرح بڑھ کر 7.1 فیصد ہوگئی
اسلام آباد: قومی لیبر فورس سروے 2024-25 کے نتائج جاری کردیے گئے لیبر فورس سروے کے مطابق پاکستان میں بیروزگاری کی شرح بڑھ کر7.1 فیصد ہوگئی، سال 2020-21 میں ملک میں بیروزگاری کی شرح 6.3 فیصد تھی۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 سال میں بیروزگاری میں 0.8 فیصد تک اضافہ ہوا اور پاکستان میں اس وقت تقریباً 59 لاکھ افراد بیروزگارہیں۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ 2023 کی مردم شماری کے مطابق ملکی آبادی24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزارہے، پاکستان کی 3.3 فیصد آبادی بیروزگار ہے۔
لیبر فورس سروے کے مطابق سروسز سیکٹرروزگار کی فراہمی میں ٹاپ پوزیشن پر ہے، روزگار فراہمی میں زرعی شعبہ دوسرے اورصنعتی شعبہ تیسرے نمبرپرہے، سروسز سیکٹر میں 3 کروڑ 18 لاکھ 30 ہزار افراد برسر روزگار ہیں اور سروسزسیکٹر میں روزگار کی شرح سب سے زیادہ 41.7 فیصد ہے۔ لیبرسروے میں بتایا گیا ہے کہ زرعی شعبے میں روزگار کی شرح 33.1 فیصد ہے، زراعت کے شعبے میں 2 کروڑ 55 لاکھ 30 ہزار افراد کو روزگار میسر ہے جبکہ صنعتی شعبے میں روزگارکی شرح 25.7 فیصد ہے۔ سروے کے مطابق صنعتی شعبے میں ایک کروڑ 98 لاکھ 60 ہزار افراد برسرروگار ہیں۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں فی کس ماہانہ اوسط اجرت 39 ہزار 42 روپے ہے، گزشتہ 5 سال میں اوسط ماہانہ اجرت میں15 ہزار14 روپے کا اضافہ ہوا، سال 2020-21 میں ماہانہ اجرت 24 ہزار28 روپے تھی، مرد حضرات کی ماہانہ اجرت 39 ہزار 302 روپے اور خواتین کی37 ہزار347 ریکارڈ کی گئی

