مذکورہ سرکاری اراضی پرغیر قانونی قابضین گزشتہ 15 سالوں سے فصلیں کاشت کر رہے تھے ان کے پاس الاٹمنٹ یا مستاجری وغیرہ کا بھی کوئی ثبوت نہیں اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ
اوچ شریف(کرائم رپورٹر ) اسسٹنٹ کمشنر کے زیر قیادت محکمہ مال اور پولیس حکام کی کارروائی، اوچ شریف کے نواحی موضع کچی شکرانی میں 34 ایکڑ سے زائد سرکاری رقبہ غیر قانونی قابضین سے واگزار کرا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کے زیر قیادت محکمہ مال اور پولیس کے حکام نے نواحی موضع کچی شکرانی میں کارروائی کرتے ہوئے 34 ایکڑ سے زائد سرکاری زرعی اراضی غیر قانونی قابضین سے واگزار کرا لی۔ تین سرکاری لاٹوں پر مشتمل مذکورہ اراضی تقریباً 11 سے 15 کروڑ روپے مالیت کی تھی۔ اس موقع پر میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ فیصل احمد نے کہا کہ مذکورہ سرکاری اراضی پر گزشتہ 15 سالوں سے غیر قانونی قابضین فصلیں کاشت کر رہے تھے۔ ان کے پاس الاٹمنٹ یا مستاجری وغیرہ کا بھی کوئی ثبوت نہیں، ان کو کافی مہلت دی گئی، انہوں نے کہا کہ حکومت کے نوٹس لینے پر انہوں نے صرف ایک مرتبہ تقریباً پانچ لاکھ روپے کا چالان جمع کرایا جو ایک، ڈیڑھ سال کے واجبات بنتے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر فیصل احمد نے مزید بتایا کہ سرکاری الاٹمنٹ شیڈول میں بھی یہ رقبہ شامل ہے۔ پانچ سالہ لیز پر دینے کے لیے اراضی کی شفاف طریقے سے نیلامی کرائی جائے گی۔ دریں اثنا مذکورہ سرکاری اراضی پر فصل کاشت کرنے والے مقامی افراد نے میڈیا کو اپنے موقف میں بتایا کہ ہم نے شفاف طریقے سے رقبے کی الاٹمنٹ کرائی تھی اور باقاعدہ چالان بھی سرکاری خزانے میں جمع کراتے رہے، ہمارے ساتھ زیادتی کی گئی۔