Advertisements

بیسیویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی 4 فروری سے8 فروری 2026 ء کو منعقد ہوگی کمشنرمسرت جبیں

Cholistan Jeep Rally
Advertisements

 انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی بہاول پور کی تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے کا سبب ہے , ریلی کے ٹریک اور ملحقہ سڑکوں کی مرمت و بحالی کے کام بروقت مکمل کر لیے جائیں کمشنر بہاول پور 

بہاول پور:17/ نومبر:بیسیویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی 4 فروری سے8 فروری 2026 ء کو منعقد ہوگی۔ یہ بات کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات بارے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران بتائی گئی۔ویڈیو لنک اجلاس میں ایم ڈی ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب، جی ایم ٹی ڈی سی پی، ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون، ڈی پی او بہاول پور، ایڈیشنل کمشنر رابطہ نیر مصطفی، صدر فور بائی فور کلب محمود مجید سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

کمشنر بہاول پور مسرت جبیں نے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی بہاول پور کی تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے کا سبب ہے۔اس موقع پر ڈویژن کے تینوں اضلاع بہاول پور، بہاول نگر اور رحیم یارخاں میں کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انٹرنیشنل ریسرز کے لیے ضروری اقدامات، سکیورٹی پلان، ریلی سے منسلک کلچرل پروگرام اور سپورٹس ایونٹ کو بہتر انداز میں ترتیب دیا جائے۔کمشنر بہاول پورنے کہا کہ ریلی کے ٹریک اور ملحقہ سڑکوں کی مرمت و بحالی کے کام بروقت مکمل کر لیے جائیں اور انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

Advertisements