کمشنر ڈاکٹر احتشام انور کا بین الاقوامی سیرت کانفرنس کے اختتامی سیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کانفرنس میں جامعہ ازہر مصر سمیت 100سے زائد جامعات اور اداروں سے مندوبین نے شرکت کی
بہاول پور:24/ جنوری( )اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں انسانی اقدار اور معاشروں پر اثرات سیرت النبی ﷺ کی روشنی کے موضوع پر دسویں بین الاقوامی سیرت کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ سیرت چیئر فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں جامعہ ازہر مصر سمیت 100سے زائد جامعات اور اداروں سے مندوبین نے شرکت کی۔اختتامی سیشن میں کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیرت النبی ﷺ پر کانفرنس کا انعقاد ایک مثبت اقدام ہے کیونکہ عصر حاضر میں بہت سے چیلنجز موجو دہیں جن کو سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ پوری دنیا کے لیے رحمت اللعالمین بن کر آئے اور انہوں نے ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیا جہاں ہر انسان کو اس کی قدر و منزلت کے بارے میں آگاہی دی گئی۔نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو عالمی سطح پر پھیلانے کے لیے یونیورسٹیاں اپنا کردار ادا کریں اور اس سلسلے میں جدید ذرائع ابلاغ سوشل میڈیا کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مسلمان پیدا ہوئے ہیں جب ہم خود کو مسلمان کہتے ہیں تو ہم پر بہت سے فرائض لازم ہیں ان میں ایک دین اسلام کو پھیلانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ دوسرے روز کے تمام سیشنز عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوئے۔ پہلے سیشن کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر عبد الغفار چیئرمین شعبہ فقہ اینڈ شریعہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کی اورسید لیاقت علی گیلانی ڈائریکٹر ریونیو اس سیشن کے مہمان خصوصی جبکہ اللہ بخش کلیار ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مہمان اعزازتھے۔دوسرے سیشن کی صدارت ڈاکٹر ضیاء الرحمن چیئرمین شعبہ قرآنی اسٹڈیز نے کی اور ڈاکٹر غسان صالح عبد المجیدانٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد مہمان خصوصی تھے۔اختتامی خطاب میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ
شفیق الرحمن نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر کی جانب سے مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن ڈائریکٹر سیرت چیئر نے کانفرنس کی سفارشات پیش کیں۔