پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 186 ارکان شریک ہوئے، پی ٹی آئی اور(ق)لیگ کا دعویٰ
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ ق کے اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے 186 ارکان پورے ہونے کا دعویٰ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما احسن بریار اور فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے 186 ارکان پورے کرلیے ہیں۔
احسن بریار نے کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو بڑا سرپرائز دے گی، جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے کئی اراکین غیر حاضر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نمبر پورے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کو اپنی فکر کرنی چاہیے کیونکہ لیگی اراکین اپنی پارٹی قیادت اور پالیسیوں سے شدید نالاں ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے ہوٹل پہنچ کر اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اور اُن کی حوصلہ افزائی کی۔ اُدھر مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی مونس الہیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے اراکین کی تعداد مطلوبہ نمبر سے زیاد ہ ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے 22 جولائی کو انتخاب ہونا ہے، جس کے لیے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے اپنے اراکین کو ہوٹل میں قیام کروایا ہے جبکہ پی ٹی آئی اور ق لیگ نے بھی اپنے اراکین کو ائیرپورٹ کے قریب واقع ہوٹل میں ٹھہرایا ہے۔