جنوبی وزیرستان میں خوارج کی سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش، 16 جوان شہید 8 خوارج ہلاک
اسلام آباد: جنوبی وزیرستان میں خوارج کے چیک پوسٹ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 16 جوان شہید جبکہ 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20-21 دسمبر کی درمیانی رات، خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اعلامیے کے مطابق خوارج کی اس کوشش کو سیکیورٹی فورسزنے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں آٹھ خوارج کو جہنم میں بھیج دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مٹی کے سولہ بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ اعلامیے کے مطابق علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اوربہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے 16 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا جبکہ اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دہشت گردوں کے سامنے کھڑی ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے،
ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ وزیر داخلہ کا اظہار تعزیت
دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہادر جوانوں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا کر 8 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے پاک وطن کے امن کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی، وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی، قوم شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔
شہدا کی تفصیلات
30 سالہ لانس نائیک لیاقت علی شہید کا تعلق ضلع کرم سے ہے جنہوں نے 11 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔ 31 سالہ لانس نائیک محمد اسحاق شہید ضلع کرک کے رہائشی تھے، انہوں نے 9 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔ 38 سالہ حوالدار ایوب خان شہید کا تعلق ضلع اٹک سے ہے، انہوں نے پاک فوج کو 15 سال دیے۔ 40 سالہ حوالدار عمر حیات شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے، حوالدار عمر حیات شہید نے 17 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ 26 سالہ سپاہی محبوب رحمان شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے، سپاہی محبوب رحمان شہید نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے اور وطن کا دفاع کیا۔ 37 سالہ حوالدار محمد حیات شہید بنوں کے رہائشی ہیں، حوالدار محمد حیات شہید نے 17 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔ 26 سالہ لانس نائیک شیر محمد شہید کا تعلق ضلع مالاکنڈ سے ہے، لانس نائیک شیر محمد شہید نے اپنی زندگی کے 7 سال پاک فوج کو دیئے۔ 22 سالہ سپاہی احسان الحق شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے، سپاہی احسان الحق شہید نے4 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔ 25 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے، سپاہی جنید شہید نے اپنی زندگی کے 3 سال پاک فوج کو دیئے، 29 سالہ لانس نائیک حامد علی شہید کا تعلق ضلع صوابی سے ہے۔ سپاہی حامد علی شہید نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے، 26 سالہ سپاہی کلیم اللہ شہید ضلع لکی مروت کے رہائشی ہیں، سپاہی کلیم اللہ شہید نے 3 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے خدمات سرانجام دیں۔ 41 سالہ حوالدار طاہر محمود شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے، حوالدار طاہر محمود شہید نے 18 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔ 29 سالہ لانس نائیک مصور شاہین شہید ضلع کوہاٹ کے رہائشی ہیں ، لانس نائیک مصور شاہین شہید نے 7 سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں ۔ 22 سالہ سپاہی فیض محمد شہید کا تعلق ضلع مانسہرہ سے ہے۔ سپاہی فیض محمد شہید نے اپنی زندگی کے 4 سال پاک فوج کو دیئے۔ 23 سال سپاہی طیب علی شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے۔ سپاہی طیب علی شہید کوپاک فوج میں بھرتی ہوئے صرف ایک سال کا عرصہ ہوا تھا۔ 26 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے، سپاہی جنید شہید نے پاک فوج میں 4 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔