غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ایک روز میں 111 فلسطینی شہید، بھوک سے مزید 7 فلسطینی دم توڑ گئے

فرانس نے غزہ کے لیے 40 ٹن انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کردیا۔
اسرائیلی فوج کی بربریت نہ تھم سکی، صیہونی فوج نے غزہ پر فضائی حملےکرکے صبح سے اب تک مزید 65 فلسطینی شہید کردیے۔ اسرائیلی فوج کے حملوں کے باعث ایک روز میں شہید ہونے والے فلسیطنیوں کی تعداد 111 ہوگئی جبکہ 820 افراد زخمی ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ پر جنگ مسلط کرنےکے بعد سے اب تک اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 60 ہزار 332 تک پہنچ گئی جبکہ 1 لاکھ47 ہزار 643 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں خوراک کی شدید قلت کے باعث قحط کی صورتحال برقرار ہے۔ غزہ میں بھوک اور غذائی قلت سے مزید 7 فلسطینی دم توڑ گئے جس کے بعد غذائی قلت سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 154 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب فرانس نے غزہ کے لیے 40 ٹن انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کردیا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ بذریعہ اردن 10، 10 ٹن امداد لے جانے والی 4 پروازیں بھیج رہے ییں، انہوں نے کہا کہ یہ غزہ کے لیے ہنگامی امداد ہے لیکن اس خوف ناک صورتِ حال کے مقابلے میں ناکافی ہے۔