ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کا ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ، 10 اہلکار شہید
وزارت داخلہ کے مطابق شہید ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان اور 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے ہے
ڈیرہ اسماعیل خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں 10 اہلکار شہید ہو گئے۔ ڈیرہ ا ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق دہشتگردوں نے ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا، حملے میں ایف سی کے 10 جوان خارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق شہید ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان اور 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔۔
وزارت داخلہ نے ایف سی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، وزیر داخلہ نے بنوں میں ایس ایچ او تھانہ جانی خیل کی گاڑی اور کوہاٹ میں سب انسپکٹر پر فائرنگ کے واقعات کی بھی مذمت کی۔ محسن نقوی نے زام چیک پوسٹ پر حملے میں شہید ایف سی کے 10 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔