قومی و صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے ووٹنگ آج ہوگی
پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا
لاہور ملک بھر میں ضمنی انتخابات کا دنگل آج سجے گا، 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن، 1 میں ری پولنگ ہو گی، قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، انتخابی سامان پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے، ضمنی الیکشن کیلئے سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری تعینات ہوگی، سول آرمڈ فورسز اور آرمی کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر استعمال ہوں گے، حکومت کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے احکامات جاری کر دیئے۔ ضمنی الیکشن میں بھی موبائل فون خاموش رہیں گے، پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی، علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پور چٹھہ ، کوٹ چھٹہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں 21 اور 22 اپریل کو موبائل فون سروس معطل کی جائیگی۔ یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلا تعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے