تجاوزات کے خاتمے سمیت دیگر اقدامات کی مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر
اوچ شریف میں عباسیہ روڈ، للووالی پل کے مقام غیرقانونی طور پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کو ہدایات
معیاری سہولیات عوام کا حق اور ہماری محکمانہ و اخلاقی ذمہ داری ہے, تجاوزات کے خلاف بلاتفریق مہم روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی چیف آفیسر قاضی محمد نعیم
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کہا ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب کے گورننس بہتری انیشی ایٹوز (کے پی آئیز) کے تحت تجاوزات کے خاتمے سمیت دیگر اقدامات کی مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا، ڈپٹی کمشنر بہاول پورڈاکٹر فرحان فاروق کی خصوصی ہدایات پر سی پیک سے منسلک مرکزی شاہرات کو غیرقانونی تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے میونسپل انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کرے، وہ گزشتہ روز اوچ شریف میں عباسیہ روڈ، للووالی پل کے مقام غیرقانونی طور پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کو ہدایات دے رہے تھے، اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوچ شریف قاضی محمد نعیم بھی ان کے ہمراہ تھے،
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر میں صفائی ستھرائی، سیوریج لائنوں کی صفائی، آوارہ کتوں کی تلفی، عملہ کی حاضری، واٹر فلٹریشن پلانٹس کے مکمل آپریشنل ہونے سمیت دیگر امور کی بھرپور نگرانی کی جائے، معیاری سہولیات عوام کا حق اور ہماری محکمانہ و اخلاقی ذمہ داری ہے، اس موقع پر چیف آفیسر قاضی محمد نعیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف بلاتفریق مہم روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی، دریں اثنا انسداد تجاوزات مہم کے دوران میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے عملے نے عباسیہ روڈ پر فٹ پاتھ اور للووالی پل کے عین وسط میں عرصہ دراز سے قائم تجاوزات کو ہٹانے کے لیے آپریشن کیا۔