اپریل کا مہینہ امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے لیے ستمگر ،تین پیاروں کی دائمی جدائی
نواب صلاح الدین عباسی کے والد نواب محمد عباس خان عباسی،چھوٹے بھائی پرنس فلاح الدین عباسی اور والدہ ہر ہائنس محترمہ شمسہ عباسی ماہ اپریل میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے
محترمہ شمسہ عباسی کی شادی مارچ 1945 میں ولی عہد ریاست بہاول پور محمد عباس عباسی سے بڑی دھوم دھام سے ہوئی تھی جس میں آخری تاجدار بہاولپور نواب جنرل سر صادق محمد خان عباسی نے بر صغیر کے کے تمام نوابین ،راجوں اور مہاراجوں کو صادق گڑھ پیلس مدعو کیا تھا
بہاولپور (وقائع نگار خصوصی )امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے لیے اپریل کا مہینہ ستمگر ثابت ہوا -اپریل کے ماہ میں انہیں اپنے والد گرامی امیر آف بہاولپور نواب الحاج برگیڈیئر محمد عباس خان عباسی سابق گورنر پنجاب وسابق وفاقی مذہبی امور ،چھوٹے بھائی پرنس فلاح الدین عباسی اور والدہ ہر ہائی نس بیگم صاحبہ امیر آف بہاولپور کی دائمی جدائی کے صدمے برداشت کرنا پڑے-
تفصیلات کے مطابق نواب صلاح الدین عباسی کے والد الحاج بریگیڈیر نواب محمد عباس خان عباسی امیر آف بہاولپور 14 اپریل 1988 کو مڈ ایسٹ ہسپتال کراچی میں انتقال کر گئے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی پرنس فلاح الدین عباسی نو اپریل 2016 کو لندن میں چل بسے جہاں وہ کینسر کے علاج کے لیے زیر علاج تھے -اس طرح پانچ اپریل2026 کو نواب صلاح الدین عباسی کی والدہ ماجدہ ہر ہائنس بیگم صاحبہ امیر آف بہاولپور مرحوم مختصر علالت کے بعد 99 برس کی عمر میں اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں خالق حقیقی سے جا ملیں اور یوں نواب صلاح الدین عباسی کے تینوں پیاروں کی اموات اپریل کے مہینے میں ہوئیں۔
خیال رہے کے بیگم شمسہ عباسی کی شادی مارچ 1945میں ولی عہد ریاست بہاول پور محمد عباس خان عباسی سے بڑی دھوم دھام سے ہوئی تھی اور اس وقت اُنکے والد گرامی آخری تاجدار ریاست بہاولپور نواب جنرل سر صادق محمد خان خامس عباسی نے اپنے ولی عہد پرنس محمد عباس خان عباسی کی شادی کے موقع پر صادق گڑھ پیلس میں بر صغیر پاک و ہند کی تمام ریاستوں کے نوابین ، راجون اور مہاراجوں کو مدعو کیا تھا-دوسری طرف نواب صلاح الدین عباسی کے چھوٹے بھائی پرنس فلاح الدین عباسی کی دسویں برسی 9 اپریل کو خاندانی رسم و رواج کے مطابق منائی جائے گی

