اوچ شریف میں اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے جانچ پڑتال کے دوران گنے کی کم نرخ پر خریداری کرنے والے متعدد غیر قانونی کنڈے سربمہر کر دیے
کسی کو کاشت کاروں سے لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جائے گی، کاشت کار اپنا گنا صرف مقررہ سرکاری نرخ پر شوگر ملز کو ہی فروخت کریں اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ
اوچ شریف (کرائم رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایات پر کاشت کاروں سے گنے کی کم نرخ پر خریداری کرنے والے غیر قانونی کنڈا مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا، اوچ شریف میں اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اوچ شریف محمد نوید حیدر کی قیادت میں چھاپہ مار ٹیم نے جانچ پڑتال کے دوران نشان دہی پر متعدد غیر قانونی کنڈے سربمہر کر دیے۔
مذکورہ کنڈوں پر کاشت کاروں کو گنے کی کم نرخوں پر ادائیگی کے ساتھ وزن کی کٹوتیاں بھی کی جا رہی تھیں، سربمہر کیے گئے غیر قانونی کنڈوں کے مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے تحت گنے کی غیر قانونی خرید و فروخت روکنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی کو کاشت کاروں سے لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جائے گی، کاشت کار اپنا گنا صرف مقررہ سرکاری نرخ پر شوگر ملز کو ہی فروخت کریں۔