وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ثقافتی سرگرمیو ں کو فروغ دینے کیلئے احسن اقدام، پنجاب کی تاریخ کی پہلی ثقافتی پالیسی 2021 منظور
ثقافتی پالیسی کے تحت فنکاروں کو سوشل سیفٹی نیٹ ورک میں لایا جائیگا،ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائیگا
صوبے میں فلم اکانومی کو فروغ ملے گا،بیروزگار آرٹسٹس کیلئے نئے مواقع پیدا ہونگے،فلم کی بحالی کیلئے اقدامات ممکن ہونگے
وزیراعلیٰ نے ثقافتی پالیسی مرتب کرنے پر صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو اور سیکرٹری محکمہ اطلاعات و ثقافت کی کاوشوں کو سراہا
لاہور29نومبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا صوبے میں ثقافتی سرگرمیو ں کو فروغ دینے کیلئے احسن اقدام، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کی پہلی ثقافتی پالیسی 2021 کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے آج صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے ملاقات کی۔ خیال احمد کاسترو نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی 2021 پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ثقافتی پالیسی مرتب کرنے پر خیال احمد کاسترو اور سیکرٹری محکمہ اطلاعات و ثقافت کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی پیش کرنے کا اعزاز پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو حاصل ہوا ہے۔ثقافتی پالیسی کے تحت فنکاروں کو سوشل سیفٹی نیٹ ورک میں لایا جائے گا۔ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔فنون کے فروغ اور اورنج اکانومی کے ذریعے معیشت کی سپورٹ بھی ثقافتی پالیسی کا حصہ ہیں۔ثقافتی پالیسی کے تحت صوبے میں فلم اکانومی کو فروغ ملے گا اور بیروزگار آرٹسٹس کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب میں فلم کی بحالی کیلئے اقدامات ممکن ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن رہی ہے۔قدیم ترین مستند 4 ثقافتی ورثے پنجاب میں شامل ہیں۔یونیسکو کے ذریعے مزید 9 ثقافتی مقامات کو کلچرل ہیریٹج میں شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میلوں اور لوک کہانیوں کی سرزمین اور آرٹ و کرافٹس اور ادب و زبان کا مستند مرکز ہے۔ سرزمین پنجاب کا ثقافتی ورثہ عالمی سطح پر سیاحتی سرگرمیوں کا مرکز بن رہا ہے۔سرزمین پنجاب کو پر امن، ترقی پسند اور ثقافتی لحاظ سے نمو پذیر مرکز بنایا جا رہا ہے۔پنجاب میں ثقافتی ورثے کے تحفظ سے سیاحتی، معاشرتی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ فروغ ثقافت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کا فول پروف میکانزم وضع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادب، ثقافت، تھیٹر اور لوک موسیقی اہل پنجاب کی پہچان ہے۔فروغ ثقافت کی تحریک میں صنفی مساوات کو مد نظر رکھا جائے گا۔پنجاب میں بصری اور ڈیجیٹل آرٹ کے فروغ کیلئے مربوط کاوشیں کی جائیں گی۔عوام کی تفنن طبع کیلئے پرفارمنگ آرٹ کو فروغ دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نے ثقافتی پالیسی 2021 کے اہم خد و خال کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔