نئے بلدیاتی نظام سے مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،عثمان بزدار
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کی ملاقات،سیاسی و اہم امور او رمحکمے کی کارکردگی پر تبادلہ خیال
اپوزیشن صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے،انکے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ پروگرام،اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا
لاہور29نومبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات،سیاسی و اہم امور او رمحکمے کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں محمود الرشید نے وزیر اعلی عثمان بزدار کومحکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کابینہ اتفاق رائے سے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 کے مسودہ قانون کی منظوری دے چکی ہے۔نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نچلی سطح پر اختیارات کو حقیقی معنوں میں منتقل کر کے عوام کو بااختیار بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔پی ڈی ایم مسترد شدہ اورمایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ پروگرام۔اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔