وزیراعلیٰ کا دیہات میں سیوریج و صفائی نظام کی بہتری کیلئے بڑا فیصلہ،پنجاب رورل میونسپل سروس کیلئے علیحدہ ادارہ بنانے کی منظوری
ادارہ گاؤں میں سیوریج اور صفائی کیلئے خدمات انجام دیگا، ادارے کا خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائیگا:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے 50دیہات کو ماڈل ویلج بنانے کے پروگرام پر کام شروع
پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت ساہیوال اورسیالکوٹ میں 43ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری
لاہور27نومبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے دیہات میں سیوریج اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب رورل سسٹین ایبل میونسپل سروس کیلئے علیحدہ ادارہ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ادارہ گاؤں میں سیوریج او رصفائی کیلئے خدمات سرانجام دے گا اور ادارے کا خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے 50دیہات کو ماڈل ویلج بنانے کے پروگرام پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب رورل سسٹین ایبل میونسپل سروس کے علیحدہ ادارے کے قیام سے دیہات میں سیوریج اور صفائی کے نظام میں خاطرخواہ بہتری آئے گی۔دیہات میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ فلاح عامہ کے دیگر پراجیکٹس بھی مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت ساہیوال اورسیالکوٹ میں 43ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ساہیوال اور سیالکوٹ میں نکاسی آب کے لئے نئی پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ساہیوال اور سیالکوٹ میں پارکس کی بحالی کے پراجیکٹس مکمل ہوچکے ہیں۔راولپنڈی، سرگودھا،مظفر گڑھ، بہاولپور، رحیم یارخان، ڈی جی خان او رملتان میں بھی فلاح عامہ کے پراجیکٹس پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے ضروری مشینری کی فراہمی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے افسران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔