وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اور رکن پنجاب اسمبلی یوڈیسٹر چوہان کی ملاقات
اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے پر 100فیصد عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں:عثمان بزدار
اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے 2ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، اقلیتوں کیلئے ہائرایجوکیشن میں 2فیصد کوٹہ مقر ر
لاہور24نومبر:-وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اور رکن پنجاب اسمبلی یوڈیسٹر چوہان(Youdhister Chohan) نے ملاقات کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یوڈیسٹر چوہان کورکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباددی اور کہاکہ اقلیتی برادری نے پاکستان کی تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کیاہے-اقلیتی برادری کو پاکستان میں برابر کے حقوق حاصل ہیں -اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے پر 100فیصد عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں -اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے رواں مالی سال 2ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کیلئے ہائرایجوکیشن میں 2فیصد کوٹہ مقر ر کیا ہے اور2فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ پربہترین کالجوں او ریونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سابق دور میں اقلیتی برادری کی فلاح کے لئے عملی طورپر کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا-پنجاب کے 40 محکموں میں مینارٹی سیل بنا کر فوکل پرسن مقرر کئے ہیں۔144 تحصیلوں، 36 اضلاع اور 9 ڈویژن میں بھی مینارٹی سیل قائم کر کے فوکل پرسن تعینات کر دیئے ہیں اوراس اقدام سے نچلی سطح پر اقلیتی برادری سے متعلقہ ایشوز کو حل کرنے میں مدد ملے گی-پنجاب میں گردواروں،مندروں اورگرجا گھروں کی تعمیرو مرمت کے لئے خصوصی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں آئین کے مطابق اقلیتوں کومکمل آزادی حاصل ہیں -انہوں نے کہاکہ سب سے بڑی جمہوریت کے نام نہاد دعویداربھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے-مودی سرکار نے بھارت کو ہندواسٹیٹ بنا دیا ہے-مودی سرکار نے بھارت میں اقلیتوں پرعرصہ حیات تنگ کردیاہے-وزیراعظم عمران خان کے دور میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے گئے ہیں –