مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف پٹے ہوئے مہرے ہیں، اپوزیشن کے پاس نہ کوئی بیانیہ ہے اورنہ کوئی حکمت عملی

hassan khawar adviser to cm

پی ڈی ایم کے اجلاس کا نتیجہ حسب روایت نشستند، گفتند و برخاستند تک محدود، یہ عناصر نہ استعفیٰ دے سکتے ہیں، نہ لانگ مارچ کر سکتے ہیں

لاہور23 نومبر:  ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے آج ہونے والے اجلاس کا نتیجہ بھی حسب روایت نشستند، گفتند و برخاستند تک محدود رہے گا۔ یہ عناصر نہ استعفیٰ دے سکتے ہیں، نہ لانگ مارچ کر سکتے ہیں۔ غیر فطری اتحاد میں شامل جماعتیں ایک دوسرے کو صرف دھوکہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کرپشن میں ملوث عناصر کی پناہ گاہ بن چکا ہے اور قوم ملک کو بے دردی سے لوٹنے والے ان عناصر کے چہروں کو پہچان چکی ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف پٹے ہوئے مہرے ہیں۔ اپوزیشن کے پاس نہ کوئی بیانیہ ہے اورنہ کوئی حکمت عملی۔ پی ڈی ایم کے سیاہ کاراپنی کرپشن کے کالے کرتوت پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کی ترقی کو سیاہ کرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان حسان خاور نے کہا کہ اداروں کی تضحیک کرکے یہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ اداروں کے خلاف ان کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔