ماضی میں سرکاری املاک پر قبضے ہوئے مگر حکومتیں خاموش رہیں،وزیر اعظم عمران خان قبضہ مافیا کے لئے خطرے کی گھنٹی ہیں،معاون خصوصی ملک امین اسلم
اسلام آباد۔21نومبر: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ گزشتہ 70 سال سے سرکاری املاک پر قبضے کئے گئے مگر حکومتیں خاموش رہیں،وزیر اعظم عمران خان قبضہ مافیا کے لئے خطرے کی گھنٹی ہیں،ملک بھر میں جنگلات کی سات لاکھ ایکڑ اراضی پر قبضہ ،پنجاب اور کے پی کے میں 500ارب کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا گیا ہے، سرکاری اراضی کی میپنگ کر لی گئی ہے اور بہت جلد اسے واگزار کر کے ٹین بلین ٹری منصوبے کے تحت درخت لگائے جائیں گے،قبضہ مافیا کو قانون کے دائرے میں لایا جائے گا اور سرکاری اراضی ہرصورت واگزار ہوگی۔ اتوار کو پی آئی ڈی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ جو لوگ خود کو قانون سے بلاتر سمجھتے رہے ہیں ان کے لئے ریڈ وارننگ ہے جس کے بعد باقاعدہ آپریشن شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ سٹیٹ لینڈ کی پچاس ہزار مربع کلو میٹر کی میپنگ کر لی گئی ہے جس میں پنجاب ،خیبر پختونخواہ اور بلوچستان شامل ہیں جبکہ سندھ کی لینڈمیپنگ ابھی مکمل نہیں ہوئی۔معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے میں اب تک جو سرکاری زمین کی شناخت کی گئی ہے اس کے مطابق ایک لاکھ ساٹھ ہزار ایکڑ پر قبضہ ہے اور اس کی مالیت 500ارب روپے ہے جوکہ واپس لی جائے گی ،اسی طرح سندھ میں اس سےبھی زیادہ اراضی پر قبضہ ہے جس کے اعداد شمار اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے ،ریلوئے ،دریاﺅں کی زمین،اویکیوٹرسٹ بورڈ،واپڈا،اریگیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایئر پورٹس کی زمینوں کے علاوہ جنگلات کی 30ہزار مربع کلو میٹر پرمیپنگ کا کام کیا گیا ہے جس دوران سات لاکھ ایکڑ جنگلات کی زمین کی شناخت کی گئی جس پر قبضہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع شہید بینظیرآباد کے جنگلات پر دس ہزار ایکڑ پر قبضہ کیا گیا ہے جہاں جنگلات کی زمین پر فصلیں اگائی کی گئی ہیں ،اسی طرح تخت پڑی راولپنڈی کے جنگل کی 755 ایکڑ اراضی ،اسلام آباد لوہی بھیر کے جنگل میں 629ایکڑ پر قبضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ماحولیاتی اور ہوائی آلودگی کا جو مسئلہ بنا ہوا ہے جس کی وجہ وہاں جنگلات کا نہ ہونا ہے ،وہاں جنگلات کی زمین 2700مربع کلو میٹر ہے جس میں آدھا جنگل ہے باقی ساری زمین پر قبضہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک ٹریلر ہے کیونکہ پچھلے 70 سال سے ملک کی سرکاری زمینوں پر قبضہ ہوتا رہا ہے مگر حکومتیں خاموش رہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پچھلی حکومتیں قبضہ مافیا کے ساتھ ملوث رہیں یا پھر انہوں نے ان کے خلاف کوئی کاروائی کرنے کی ہمت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا اب وزیر اعظم عمران خان کو اپنے لئے خطرے کی گھنٹی سمجھیں کیونکہ اب وزیراعظم کی جانب سے یہ تمام معلومات صوبوں کو دی جائیں گی جس کے بعدصوبائی حکومتیں اپنے اپنے صوبوں میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن شروع کردیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام قبضہ مافیاکو خبردار کرتا ہوں کہ سرکاری زمینوں سے قبضہ ختم کردیں کیونکہ اب کسی بھی قبضہ مافیا کی چھوٹ نہیں ہو گی۔