پاکستان اور چین آہنی برادر ہیں، ان کی شراکت داری کو نہیں توڑا جا سکتا، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا چائنہ سنٹرل ٹی وی کو انٹرویو

Moeed Yousaf

اسلام آباد۔19نومبر: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آہنی برادر ہیں، ان کی شراکت داری کو نہیں توڑا جا سکتا، اپنی سرزمین پر موجود ہر غیر ملکی کو تحفظ فراہم کریں گے، سی پیک اور چینی باشندوں کی حفاظت کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو چائنہ سنٹرل ٹی وی کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور شراکت دار ملک ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات سٹرٹیجک اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمیشہ ایک دوسرے کے حامی اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں معید یوسف نے کہا کہ حال ہی میں چین پاکستان جے سی سی کا اجلاس ہوا ہے جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کا اعادہ کیا ہے، اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، یہ دنیا کیلئے پیغام ہے کہ پاکستان اور چین ایک ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی برادر ہیں، ان کی شراکت داری کو نہیں توڑا جا سکتا، ماضی میں اس حوالہ سے کی جانے والی کوششیں ناکام رہی ہیں، چین کے ساتھ تعلقات ہمارے لئے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چین کی ترقی کے ماڈل سے متاثر ہیں، یہ دنیا کا واحد ملک ہے جو مختصر وقت میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو غربت سے باہر نکالنے میں کامیاب رہا ہے۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی سرزمین پر موجود ہر غیر ملکی باشندے کو تحفظ فراہم کیا جائے، چینی بہن بھائیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان نے جتنا انتظام کیا ہے کوئی دوسرا ملک ایسا نہیں کر سکتا، چین۔پاکستان اقتصادی راہداری اور چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مسلح افواج کی دو ڈویڑنوں پر مشتمل فورس مخصوص کی گئی ہے، پاکستان اس سلسلے میں جو کرسکتا ہے وہ کرے گا اور کر رہا ہے۔ کوویڈ 19 کی ویکسین کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مشیر برائے قومی سلامتی نے کہا کہ ہمیں اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو ویکسین کی فراہمی کے لئے چین عطیات اور کمرشل سیل کے سلسلے میں تعاون و مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کورونا پر قابو پانے کے کوششوں میں پاکستان کے ساتھ چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر معید یوسف نے مزید کہا کہ پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد کو چینی ویکسین لگائی گئی ہے، مزید ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے چینی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کی جلد سے جلد ویکسینیشن مکمل کی جا سکے۔