پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنے سے متعلق ترمیمی بل اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا بل منظور

parliament

اسلام آباد (نوائے احمد پور شرقیہ رپورٹ/ بدھ، 17 نومبر 2021ء) پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنے سے متعلق ترمیمی بل اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا بل منظور کر لیا گیا۔ الیکشن ایکٹ دوسرا ترمیمی بل منظوری کے لیے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے ایوان میں پیش کیا۔

پارلیمان نے حکومت کا انتخابی ترمیمی بل 2021 منظور کر لیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹنگ کا حق اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا بل بھی پاس کر لیا گیا۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو عالمی عدالت انصاف نظرثانی غور مکرر بل 2021ء بھی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔

حکومتی بل منظور ہونے پر ایوان میں "کون بچائے گا پاکستان عمران خان عمران خان ” کے نعرے لگائے گئے جب کہ حزب اختلاف کی جانب سے ایوان میں ڈویژن کروانے کا مطالبہ کیا گیا۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق حکومتی بل پاس ہونے پر وزیر اعظم عمران خان سمیت حکومتی اراکین پارلیمان نے ڈیسک بجا کر خوشی کا اظہار کیا جب کہ حکومتی بل منظور ہونے پر حزب اختلاف کی جماعتوں نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

یاد رہے کہ جب پارلیمان کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا تو مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین بل موخر کرنے کی استدعا کی تھی جسے سپیکر نے منظور بھی کر لیا تھا۔