پریانتھا کماراکی میت لاہور سے سری لنکا روانہ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر اعجاز عالم نے میت کو سرکاری اعزاز کیساتھ روانہ کیا

priyantha kumara

غمزدہ خاندان کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے،انصاف کے تقاضے پورے کرینگے:عثمان بزدار

اب تک 131سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے،26مرکزی ملزمان بھی پولیس کی حراست میں ہے

لاہور6دسمبر: سری لنکن شہری پریانتھا کماراکی میت آج لاہور سے سری لنکا کیلئے روانہ کردی گئی۔پریانتھاکمارا کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے ایئر پورٹ پہنچایا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے پریانتھا کمارا کی میت کو ریسیوکیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر اعجاز عالم نے پریانتھا کمارا کی میت کوسرکاری اعزاز کے ساتھ کولمبوروانہ کیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی،سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ،محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام اور سری لنکن ہائی کمیشن کے عہدیداران بھی اس موقع پرموجود تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سری لنکن شہری پریانتھاکمارا کے قتل پر سری لنکا کی حکومت،عوام اور سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں -غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔غمزدہ خاندان کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کررہی ہے-انہوں نے کہا کہ اب تک 131سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور26مرکزی ملزمان بھی پولیس کی حراست میں ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔کیس کی تفتیش پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ملزمان کو قانون کے تحت سخت ترین سزا دلائی جائے گی۔